بنگلور 16 مارچ ( ایس او نیوز ) اسوسی ایشن فور پروٹیکشن آف سیویل رائٹس (اے پی سی آر) کے کرناٹک چاپٹر کے رکن انتظامیہ اور میسور کےڈسٹرکٹ صدر ایڈوکیٹ ناگے گوڈا (43) اچانک انتقال کرگئے۔ اُنہیں گذشتہ روز تیز بخار ہوا تھاپھر وہ کومہ میں چلے گئے تھے، ابتدا میں میسور اسپتال میں ایڈمٹ کیا گیا مگر جب افاقہ نہیں ہوا تو بنگلور نمہانس میں داخل کیا گیا، بتایا گیاتھا کہ وہ ٹھیک ہورہے ہیں مگر منگل کو صبح کی اولین ساعتوں میں وہ انتقال کرگئے۔
ضلع میسور کے ایچ ڈی کوٹا تعلقہ کے ہوسے ہوللا سے تعلق رکھنے والے ایڈوکیٹ ناگے گوڈا ایک بہترین، ملنسار اور مظلوموں کی مدد میں پیش پیش رہنے والے انسان تھے، 2016 سے اے پی سی آر میں تھے اور جیلوں میں بند بے قصوروں کو رہائی دلانے میں اپنی خدمات پیش کررہے تھے۔
اپنی اہلیہ، چھ سالہ بیٹی ، تین سالہ بیٹا دو بھائیوں اور دو بہنوں سمیت والدین کو ہمیشہ ہمیش کے لئے چھوڑ کر وہ منگل صبح اس دارفانی سے کوچ کرگئے۔ شام تقریباً چار بجے ان کے آبائی گاوں میں ان کی آخری رسومات ادا کی گئی۔
ایڈوکیٹ ناگے گوڈا کے انتقال پر اے پی سی آر (کرناٹک چاپٹر کے) ریاستی صدر ایڈوکیٹ پی عثمان اور جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ محمد نیاز سمیت اراکین انتظامیہ نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور گھروالوں کے ساتھ اظہار تعزیت کی ہے۔